ابنا: موصولہ رپورٹ کے مطابق کل ہندوستان کے شہر ممبئی کے زاویری بازار ، اوپرا ہاؤس اور دادر علاقوں میں یکے بعد دیگرے تین بم دھماکے ہوۓ ۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق ان بم دھماکوں میں کم از کم اکیس افراد ہلاک اور ایک سو تیرہ زخمی ہوگۓ ہیں۔ متعدد زخیموں کی حالت نازک بتائي جاتی ہے جس کے پیش نظر ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ نئی دہلی میں وزیر داخلہ پی چدمبرم نے ایک اعلی سطح کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی جس میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا کو بتایا گیا کہ نیشنل سکیورٹی گارڈ کو مکمل تیاری کی حالت میں رہنے کی ہدایت دے دی گئی ہے۔ وزیر داخلہ پی چدمبرم نے کہا کہ یہ دھماکے شام کو تقریباً پونے سات بجے یکے بعد دیگرے ہوئے جس کی وجہ سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ یہ کارروائی مربوط انداز میں دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی ہے۔ مقامی حکام کے مطابق ان دھماکوں میں ایک گاڑی اور ایک موٹر سائیکل استعمال کی گئی۔ ابھی تک کسی تنظیم نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ان دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ سرکاری سطح پر جاری کیے گئے ایک بیان میں دونوں رہنماؤں نے ہندوستانی عوام اور حکومت سے ان دھماکوں میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ /169
13 جولائی 2011 - 19:30
News ID: 253498
ہندوستان کے شہر ممبئی میں تین بم دھماکے ہوۓ ہیں جن میں کم ازکم اکیس افراد ہلاک اور ایک سو تیرہ زخمی ہوگۓ ہیں۔